Clifton Times - Your Weekly Real Estate Guide

ڈیفکلیریا کا ہیلتھ کارڈ ، ایک احسن اقدام


DEFCLAREA Health Card, a Good Step
  • ARTICLES    |    25 February 2020

ڈیفنس اینڈ کلفٹن ایسوسی ایشن آف ریئل اسٹیٹ ایجنٹس(ڈیفکلیریا) نے اپنے تمام ممبران اور کو ۔ ممبران کیلئے ہیلتھ کارڈ کے اجراء کا اعلان کیا ہے ۔ یہ انتہائی احسن اقدام ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔ ریئل اسٹیٹ ایجنٹس خاص کر کو ۔ ایجنٹس کو ہیلتھ کارڈ کی اشد ضرورت تھی اور یہ ان کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جو ڈیفکلیریا کی جانب سے پورا کیاگیا ہے ۔ کلفٹن ٹائمزنے چند ماہ قبل مختلف کو ۔ بروکرز کے انٹرویوز شاءع کئے تھے جن میں شدید مندی کی وجہ سے پیدا شدہ ان مسائل اورپریشانیوں کو اجاگر کیاگیا تھا جن کا ریئل اسٹیٹ ایجنٹس خاص کر کو ۔ ایجنٹس کو سامنا ہے ۔ تقریباً ہر کو ۔ ایجنٹ سب سے زیادہ اس بات کا رونا رورہا تھا کہ خدا نہ کرے اگر اس کو یا اس کے فیملی کے کسی فرد کو کسی طبی ایمرجنسی کاسامنا کرنا پڑا تو وہ کیا کرے گاکیوں کہ مندی کی وجہ سے ان کے پاس موجود جمع پونجھی ختم ہوچکی ہے اورگھر کے باقی خرچے توجیسے تیسے نکل آتے ہیں لیکن طبی ایمرجنسی میں زیادہ اورفوری رقم کی ضرورت ہوتی ہے جس کیلئے وہ پریشان ہیں ۔ ڈیفکلیریا کی جانب سے ہیلتھ کارڈ کا اجراء ایسے ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کیلئے بڑی خوشخبری ہے ۔ ڈیفکلیریا نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے اس ہیلتھ کارڈ کے اجراء کا اعلان کیا ہے ۔ پریس ریلیز میں زیادہ تفصیلات تونہیں دی گئیں البتہ یہ بتایا گیا ہے کہ اس کارڈ کے حامل افراد شہر بھر کے مختلف اسپتالوں میں ضروری بنیادی طبی سہولتیں حاصل کرسکیں گے ۔ ممبران سے کہاگیا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے اوراپنے ہاں کام کرنے والے ایجنٹس کے کواءف ڈیفکلیریا کے پاس جمع کرائیں تاکہ ان کو کارڈ جاری کیاجاسکے ۔ یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ ہیلتھ کارڈ کسی انشورنش کمپنی کے ساتھ معاہدے کے تحت دیئے جارہے ہیں یا اس کیلئے کوئی اور طریقہ کار اپنایا گیا ہے ۔ عام طورپر انشورنس کمپنیوں کے ذریعے جو ہیلتھ کوریج ملتی ہے وہ صرف کسی اسپتال میں مریض کے داخل ہونے کی صورت میں ملتی ہے ۔ ایمرجنسی یا اوپی ڈی کی سہولت اس میں موجود نہیں ہوتی ۔ امید ہے کہ ڈیفکلیریا کا ہیلتھ کارڈ ان سہولتوں کا بھی احاطہ کریگا ۔ ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا یہ اقدام کامیاب ہوگا اور لوگ اس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم ان تمام بروکرز اورکو بروکرز سے بھی یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس کارڈ کا درست استعمال یقینی بنائیں گے اور مال مفت دل بے رحم کے مصداق اس کا غلط استعمال نہیں کریں گے ۔ ہیلتھ کوریج کے اس منصوبے کی کامیابی اور اس کے مسلسل جاری رہنے کیلئے ہر متعلقہ شخص کو اپنا کردار ذمہ داری اور نیک نیتی کے ساتھ نبانا ہوگا ۔