پاور آف اٹارنی جسے لیٹر آف اٹارنی بھی کہتے ہیں ایک قانونی ڈاکومنٹ ہے جوکسی شخص کو یہ قانونی اختیار دیتا ہے کہ وہ کسی دوسرے شخص کی جانب سے اس کی غیر موجودگی میں اس کی جگہ کوئی کام کرے یا کوئی فیصلہ کرے ۔ یعنی جو شخص کسی جگہ خود پیش ہونے یا کوئی کام خود کرنے سے کسی بھی وجہ سے معذور ہو وہ اپنی طرف سے قانونی امور انجام دینے کیلئے دوسرے شخص کو یہ قانونی اختیار دیتا ہے کہ وہ اس کی جگہ پیش ہو یا کام کرے ۔ اس حوالے سے پاورآف اٹارنی کو ایک اہم قانونی ڈاکومنٹ سمجھا جاتا ہے ۔ پاکستان میں پاو رآف اٹارنی کی مختلف اقسام ہیں اور ہر ایک کا قانونی دائرہ کار اور نفاذ بھی الگ الگ ہے ۔ ان کو سمجھنے کیلئے آئیے سب سے پہلے پاور آف اٹارنی سے متعلق اہم قانونی اصطلاحات کو سمجھتے ہیں ۔
- پرنسپل/ڈونر/گرانٹر:
وہ شخص کہلاتا ہے جو دوسرے شخص کو محدود یا وسیع قانونی اختیار یعنی پاور آف اٹارنی دیتا ہے کہ اس کی طرف سے کوئی فیصلہ یا عمل کرے
- ایجنٹ/اٹارنی ان فیکٹ:
وہ شخص جس کو دوسرے شخص(پرنسپل/ڈونر;47;گرانٹر) کی جانب سے قانونی اختیار دیا جاتا ہے کہ اس کی طرف سے ا ن کے اثاثوں ، مالی معاملات یا دیگر قانونی معاملات کے حوالے سے فیصلے یا عمل کرے ۔
پاکستان میں پاورآف اٹانی کی دواہم اقسام مندرجہ ذیل ہیں
1 ۔ جنرل پاور آف اٹارنی:یہ قانونی طور پر تحریر شدہ ڈاکومنٹ ہوتا ہے جو پرنسل کے جانب سے اپنے ایجنٹ یا اٹارنی ان فیکٹ کو جاری کیاجاتا ہے ۔ چونکہ یہاں لفظ جنرل استعمال ہوا ہے اس لئے اس پاور آف اٹارنی کے ذریعے ایجنٹ کو یہ قانونی اختیار ملتا ہے کہ وہ پرنسل کی بیماری کی صورت میں یا اس جگہ موجودگی سے معذور ہونے کی صورت میں اس کی جگہ اس کے تمام قانونی معاملات کودیکھے ، فیصلے کرے اور عمل کرے ۔
2 ۔ اسپیشل پاور آف اٹارنی:جنرل پاور آف اٹارنی کے برعکس اسپیشل پاور آف اٹارنی ایجنٹ کو محدود قانونی اختیار دیتا ہے اورصرف مخصوص صورتحال میں وہ اس کو استعمال کرسکتا ہے ۔ یہاں ان چند صورتوں کاذکر کرتے ہیں جن میں اسپیشل لیٹر آف اٹارنی عام طورپر استعمال کیاجاتا ہے ۔
-خاندان کے کسی رکن کو یہ اختیار دینا کہ آپ کی غیر موجودگی میں آپ کی پراپرٹی کاخیال رکھے ۔
-کسی شخص کو یہ اختیار دینا کہ آپ کی غیر موجودگی (بیرون ملک ہونے وغیرہ) کی صورت میں آپ کے اثاثوں کی دیکھ بھال کرے یا اسے فروخت کرے ۔
- کسی کو یہ قانونی اختیار دینا کہ آپ کی بیماری یا سفر وغیرہ میں ہونے کی صورت میں آپ کے خاندان کی دیکھ بھال کرے ۔
-کسی کو یہ اختیار دینا کہ آپ کی طرف سے جائیداد خریدے یا بیچے ۔ پاکستان میں یہ بہت اہم پراپرٹی ڈاکومنٹ ہے ۔
نوٹ:کوئی بھی پرنسل کسی بھی وقت ایجنٹ سے پاور آف اٹارنی واپس لے سکتا ہے، بشرط کہ اس کاذہنی توازن درست ہو ۔ پاور آف اٹارنی کی واپسی یا منسوخی کوتحریری شکل میں پرنسل کے دستخط کے ساتھ نوٹری پبلک کے سامنا پیش کرنا ہوگا ۔ اس کے بعد اسے متعلقہ ایجنٹ اور تھرڈ پارٹی مثلاً بینکوں اور لیگل ایجنسیوں وغیرہ کو بھیجنا لازمی ہوگا ۔
پاور آف اٹارنی اور بیرون ملک مقیم پاکستانی
بیرون ملک مستقبل طورپر یا عارضی طورپر مقیم پاکستانیوں میں سے بیشتر کے اپنے ملک میں کوئی جائیداد یا اثاثے ضرور ہوتے ہیں اور ان کو اس جائیداد یا اثاثوں کی فروخت یا دیگر معاملات کے سلسلے میں پاور آف اٹارنی دینے کی ضرورت پڑتی ہے کیوں کہ اس سلسلے میں ہر دفعہ ملک آنا اورخود یہ معاملات دیکھنا آسا ن نہیں ہوتا ۔ یہ لوگ پاکستان میں مقیم اپنے کسی فیملی ممبر ، رشتہ دار یا دوست وغیر ہ کو پاور آف اٹارنی کے ذریعے یہ قانونی اختیار دیتے ہیں کہ وہ ان کے جائیداد یا اثاثوں کے معاملات میں ان کی طرف سے فیصلے یا عمل کرے ۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے پاور آف اٹارنی حاصل کرنے کاطریقہ کار
1 ۔ سب سے پہلے اسٹامپ پیر پر لیٹر آف اٹارنی تحریر کریں ۔
2 ۔ اسے بیرون ملک مقیم شخص (پرنسل ) کوارسال کریں ۔
3 ۔ اس ڈاکومنٹ کو حاصل کرنے کیلئے اس شخص یعنی پرنسل کو اس ملک میں موجود پاکستانی سفارتخانے جانا ہوگا، جہاں وہ اس پر دستخط کرے گا جبکہ سفارتخانہ اس پر اپنامہر لگائے گا ۔
4 ۔ اس کے بعد وہ نوٹری پبلک سے یہ ڈاکومنٹ تصدیق کروائے گا ۔
5 ۔ ڈاکومنٹ کو واپس پاکستان بھیج دیاجائے گا ۔
6 ۔ آخر میں ایجنٹ دفتر خارجہ جاکر اس ڈاکومنٹ کی تصدیق کروائے گا ۔
پاور آف اٹارنی کیلئے ضروری دستاویزات
-پاور آف اٹارنی کی اصل ڈاکومنٹ بمعہ کچھ فوٹو کاپیز
-پاور آف اٹارنی کی تصدیق کیلئے درخواست فارم
-پرنسپل کے پاسپورٹ کی اصل کاپی بمعہ فوٹو کاپی
- پرنسل کے سی این آئی سی یا این آئی سی او پی کی اصل کاپی بمعہ فوٹوکاپی
-پرنسل کی دو حالیہ پاسپورٹ سائز کی تصاویر جو لیٹر آف اٹارنی سے منسلک ہوں
-ایجنٹ اور گواہوں کی شناختی کارڈ کی فوٹوکاپیاں
- پروسینگ فیس
رجسٹریشن فیس:کسی لیگل ایجنسی سے پاور آف اٹارنی کی رجسٹریشن پر لگ بھگ 10ہزار روپے خرچ ہوں گے ۔ اس میں سرکاری رجسٹریشن فیس شامل نہیں ہے جومذکورہ پراپرٹی یا اثاثے کی قیمت کے ایک فیصد کے برابر ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان میں پاور آف اٹارنی کوسرکاری اسٹامپ پیپر پر تحریر کرنالازمی ہوتا ہے، اسٹامپ پیپر کی قیمت 500روپے سے 5ہزار روپے تک ہوسکتی ہے ۔



