Clifton Times - Your Weekly Real Estate Guide

گھر کو خوبصورت ہی نہیں محفوظ بھی بنائیں


Make your home not only beautiful but also safe
  • BLOG    |    18 February 2020

دوران تعمیر گھر کو خوبصورت اور جدید بنانے کے علاوہ اس میں سیکورٹی انتظامات کرنا بھی بے حد ضروری ہیں ۔ ایک ایسے خوبصورت اور جدید گھر کا کیا فائدہ جہاں اس کے مکین خود کو محفوظ نہ سمجھیں ، اسی لئے گھر کی حفاظت آپ کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہونی چاہئے ۔ آپ گھر میں موجود ہوں یا نہ ہوں ، اگرسیکورٹی انتظامات بہترین ہوں توکسی چیز کا خوف نہیں رہتا ۔ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ مین گیٹ کو تالالگادینے سے گھر کے حفاظتی اقدامات مکمل ہوجاتے ہیں تو آپ درست نہیں ۔ گھر کی حفاظت کے مندرجہ ذیل مشوروں پر دوران تعمیر غور کرلینا ہی بہتر ہے لیکن اگر اس دوران آپ نے ان باتوں کا خیال نہیں رکھا تو اب ضرور کرلیں ۔ کیونکہ یہ آپ کے گھر کو چوری اور ڈکیتی جیسی وارداتوں سے محفوظ رکھنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔

کھڑکیاں محفوظ بنائیں

کھڑکیاں ہر گھر کی ضرورت ہوتی ہیں لیکن کھڑکیوں کی تعمیر کے ساتھ ان کی حفاظت کے متعلق بھی غور کریں ۔ کھڑکیوں کیلئے عام طور پر لکڑی کے بجائے شیشے کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ بے شک شیشے سے گھر میں قدرتی روشنی زیادہ اچھی طرح داخل ہوتی ہے، تاہم اگر حفاظتی نقطہء نظر سے سوچاجائے توشیشے حفاظت کے لحاظ سے مناسب نہیں اس لئے کوشش کریں کہ کھڑکیوں کی تعمیر کے ساتھ ہی ان پر لوہے کی گرل لگوالیں ، یہ گرل انھیں محفوظ بنادے گی ۔ اگر سلائیڈنگ ونڈو کی بات کی جائے تو سلائیڈنگ ونڈو پر گرل لگانا باہر سے ان کی خوبصورتی ختم کرنے کے مترادف ہے ۔ چنانچہ سلائیڈنگ ونڈوکے لئے بیرونی رخ خانہ دار گرل بنوائیں ، یہ نہ صرف خوبصورت لگے گی بلکہ آپ کے ونڈو ایریا کو عام گرل سے زیادہ مناسب انداز میں محفوظ بنادے گی ۔

سی سی ٹی وی کیمرہ

سی سی ٹی وی کیمروں کو اکیسویں صد ی کی سب سے زیادہ با اثر اور کار آمد ٹیکنالوجی کہا جاتا ہے ۔ چوروں یا ڈکیتوں کو جاسوسی کے دوران جہاں کیمرہ نظر آجائے، وہ شناخت ہوجانے کے خوف سے آپ کے گھر کا راستہ بھول جانا ہی بہتر سمجھتے ہیں ۔ بچوں کے کمرے میں نظر رکھنی ہو یا آپ کی غیر موجودگی میں ملازمین کا رویہ جاننا ہو، سی سی ٹی وی کیمرہ ہر جگہ ضروری سمجھا جاتا ہے ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کیلئے مین گیٹ کا بالائی حصہ،چھت یا ٹیرس، گھر کا بیرونی حصہ، پچھلاحصہ اور بچوں کا کمرہ زیادہ مناسب جگہیں ہیں ۔

سیکورٹی الارمنگ سسٹم

جدید ٹیکنالوجی سے گھر کی حفاظت کو مزید محفوظ بنایا جا سکتا ہے ۔ ٹچ پیڈ یا پھر الیکٹرک تالوں کے ذریعے آپ گھر کو چوروں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ اس طریقے سے آپ اپنے گھر میں آنے جاننے والوں کی رسائی کو بھی کنٹرول کر سکتے ہیں ۔ آپ کے آنے والے مہمان گیٹ پر موجود اسپیکر پر اپنا تعارف کروا سکتے ہیں اور آپ ان کو ویڈیو کیمرہ کے ذریعہ دیکھ بھی سکتے ہیں ۔ دوسرا طریقہ سیکورٹی الارمنگ سسٹم کا ہے ۔ اس سسٹم کو نصب کروانے کے بعد اگر گھر میں کوئی غلط طریقے سے داخل ہوتو الارم بجنا شروع ہوجاتے ہیں ۔ سیکورٹی الارم چوروں کو خوفزدہ کر دیتے ہیں اوروہ الارم بجتے ہی فرار ہونے کی کوشش کرتے ہیں ۔

اونچی دیواریں

وارداتیں ان ہی گھروں میں زیادہ دیکھنے میں آتی ہیں ، جن کی دیواروں کو پھلانگنا آسان ہو ۔ یہی وجہ ہے کہ عام طور پر داخلی دیواریں اونچی بنانے کے ساتھ خارداردھاتی گرل کے ساتھ تعمیر کروائی جاتی ہیں ۔ اونچی چار دیواری اور اس پر لگی دھاتی جالی آپ کے گھر کی دیوار کو پھلانگنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور بنا دے گی ۔

روشن رکھیں

چور اور ڈکیت اندھیرے کے وقت گھر میں داخلے کو ترجیح دیتے ہیں ، اس لئے گھر کے پچھلے حصے، گاڑی کھڑی کرنے کی جگہ اور بیرونی حصے کو زیادہ سے زیادہ روشن رکھنے کی جانب توجہ دیں ۔ اگر آپ ایسی جگہ رہتے ہیں ، جہاں آس پاس آبادی کم ہے یا گھر فاصلے پر بنے ہیں تو اپنے گھر کو لازمی روشن رکھیں ۔ اس طرح سے آپ اپنی غیر حاضری میں بھی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے محفوظ رہ پائیں گے ۔ کوشش کریں نہ صرف آپ کی موجودگی بلکہ غیر موجودگی میں بھی یہ لاءٹس روشن رہیں ، ان روشنیوں کا رخ نچلی جانب ہونا چاہئے، اگر آپ گارڈن کیلئے فلور لاءٹنگ کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ بھی ایک اچھا انتخاب ہے ۔

فائرالارم

گھر کو چوروں ڈکیتوں سے ہی نہیں آگ سے محفوظ رکھنے کےلئے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ آگر آپ کے ہاں کارآمد حالت میں فائر الارم نہ ہو تو حادثے کی صورت میں نقصانات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ، اپنے گھر کے ہر مناسب حصے میں فائر الارم نصب کریں ۔
فائر الارم نصب کرنا آسان اور سستا کام ہے ۔ اور اس محفوظ آلے سے گھر کو با آسانی آگ سے بچایا جا سکتا ہے