Clifton Times - Your Weekly Real Estate Guide

اپنا ریئل اسٹیٹ کا علم اورتجربہ لوگوں کو منتقل کرنا چاہتاہوں ، زاہدقبال


Want to pass on my real estate knowledge and experience to people, Zahid Iqbal
  • NEWS & REVIEWS    |    03 February 2020

ریئل اسٹیٹ انسٹیٹیوٹ کا قیام برسوں پرانا خواب تھا جو آج پورا ہوا، یہ سب کا انسٹیٹیوٹ ہے ۔ تقریب سے خطاب
ڈیفکلیریا کے صدرنورابریجو نے افتتاح کیا ، سابق صدور راجہ مظہر، شایدعلیم، ذکرمحنتی اوردیگر شخصیات بھی ہمراہ تھیں
تقریب میں ریئل اسٹیٹ بزنس کی نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت ، داخلے جاری ،جلد کلاسوں کا آغاز ہوگا
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
کراچی( رپورٹ:نظیرعالم نظیر)آگیا وہ شاہکار جس کا برسوں سے انتظار تھا،ریئل اسٹیٹ کی دنیا کیلئے یہ ایک بڑی خوشخبری ہے کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ریئل اسٹیٹ مینجمنٹ( نیرم) کا افتتاح ہوگیا ۔ اس سلسلے میں ہفتہ 11جنوری 2020ء کے سہ پہر نیرم کے دفتر میں شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈیفکلیریا کے صدر نورابریجو تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں ڈیفکلیریا کے سابق صدور راجہ مظہر، شایدعلیم، ذکرمحنتی، ڈیفکلیریا کے جنرل سیکریٹری فیصل حنیف ، سینئر نائب صدر جوہر اقبال، نائب صدور سید اسرارشوکت اور عمران امان اللہ، ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کی ڈاکٹر جویریہ مہر شیخ،اعظم معراج، شاہد اقبال ،عارف حبیب گروپ کے محمد اعجاز، خورشید عالم، کمانڈر عادل رشید، آفتاب حسین، آصف عبدالکریم، اصغر میمن، بشیر میمن، حاجی اشرف، ابراہیم میمن، عمران زمان، جواد منصور، مجتبیٰ خلیل، نوید شاہ، ستارکرار، شاہ طارق، سید عدن اظہر، یونس رضوی ، اعلان ڈاٹ کام کی ٹیم ، ریڈ بکس کی ٹیم اورریئل اسٹیٹ بزنس سے وابستہ دیگر نمایاں اورسینئر شخصیات نے شرکت کی ۔ پاک ریئل اسٹیٹ کی سیلز اینڈ مارکیٹنگ ہیڈ صبا اعظم نے نظامت کے فراءض انجام دیئے ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نیرم کے بانی اورسربراہ زاہد اقبال نے تمہیدی کلمات اداکرتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا ۔ انہوں نے کہاکہ آج یہاں ریئل اسٹیٹ بزنس کے بہت بڑے بڑے نام جمع ہوئے ہیں اس لئے میں کہتا ہوں کہ نیرم کی ابتدابہت اچھی ہے اور انشاء اللہ آگے چل کر یہ انڈسٹری کا بینچ مارک ثابت ہوگا ۔ زاہد اقبال نے کہاکہ اس انسٹیٹیوٹ کا قیام ان کا برسوں پرانا خواب تھا جو آج پورا ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے 38سال قبل ریئل اسٹیٹ بزنس کا آغاز کیا ، میرے چھوٹے بھائی شاہد اقبال میرے ساتھ تھے اور بعد میں دوسرے بھائی بھی اس بزنس کا حصہ بنے ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے ہمیشہ کوشش کی کہ وقت کے تقاضوں کے مطابق کام کروں اور آنے والے وقت کیلئے بھی خود کو تیار رکھوں ۔ انہوں نے ڈیفکلیریا کے قیام اوراس کیلئے مختلف شخصیات کی خدمات کا بھی ذکر کیا اور کہاکہ آج ملک کے اس سب سے بڑے ریئل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے موجودہ اورسابقہ صدور یہاں جمع ہیں جوہمار ے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ زاہد اقبال نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ ریئل اسٹیٹ بزنس کی امیچ بلڈنگ کیلئے کام کیا ہے اور اس سلسلے میں جو بھی قدم اٹھایا ہے اس میں ڈیفکلیریا کے لوگوں کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے دوسال قبل منعقد کرائے گئے ریئل اسٹیٹ ایکسپو کا بھی ذکر کیا اور کہاکہ اس نمائش میں ڈیفکلیریا نے امیدوں سے بڑھ کر ہمارا ساتھ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ نیرم بھی کسی فرد کا انسٹیٹیوٹ نہیں بلکہ یہ ریئل اسٹیٹ انڈسٹری ، ڈیفکلیریا اور یہاں موجود ہر شخص کا انسٹیٹیوٹ ہے اور ہم درخواست کرتے ہیں کہ سب لوگ اس کو اپنا ادارہ اوراپنا انسٹیٹیوٹ سمجھ کر اس کی ترقی اور ریئل اسٹیٹ بزنس اور اس سے وابستہ افراد کیلئے اسے کار آمد بنانے میں اپنا کردار اداکریں ۔ انہوں نے کہاکہ اس انسٹیٹیوٹ کو ایک کلب سمجھا جایا ، آپ کو ریئل اسٹیٹ بزنس کے بار ے میں جو کچھ بھی علم اورتجربہ حاصل ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ یہ دوسروں کیلئے کارآمد ہے تو میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ یہاں آکر وہ علم اورتجربہ دوسروں کو منتقل کریں ۔ زاہد اقبال نے مزید کہاکہ میرے پاس ریئل اسٹیٹ بزنس کے بارے میں جتنی بھی معلومات ہیں ، جتنا بھی ریسرچ ورک ہے اور جتنا بھی تجربہ ہے میں نہیں چاہتا کہ اسے خود تک محدود رکھوں بلکہ میری خواہش ہے کہ یہ دوسرے لوگوں کو منتقل کروں اور وہ اس سے فائدہ اٹھائیں ۔ اس کے بعد نورابریجو اور دیگر مہمانوں نے نیرم کے بانی زاہد اقبال اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر نیرم کا باضابطہ طورپر افتتاح کیا ۔ شاہد علیم نے دعاکرائی جس میں ملک وقوم ، تمام حاضرین اور ریئل اسٹیٹ بزنس کی خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا مانگی گئی ۔ بعدازاں ڈیفکلیریا کے صدر نور ابریجو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ زاہد اقبال نے ہمیشہ ریئل اسٹیٹ بزنس کی امیج بلڈنگ کیلئے کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے ڈیفکلیر یا زاہد اقبال ہی لے کر آئے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ریئل اسٹیٹ بزنس کے بارے میں لوگوں کو تعلیم دینا غیر معمولی کام ہے ۔ ہمارا فوکس ریئل اسٹیٹ بزنس کی امیچ بلڈنگ اور کمیونیکیشن اسکلز پر ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ نیرم کو کامیاب بنانے کیلئے ڈیفکلیریا مکمل تعاون کرے گی ۔ اس سے قبل ڈیفکلیریا کے سینئر نائب صدر جوہر اقبال نے بھی خطاب کیا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہاکہ زاہد اقبال نے ریئل اسٹیٹ بزنس کی امیج بلڈنگ کیلئے بہت کام کیا ہے، اس سلسلے میں ان کوتنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے لیکن انہوں نے اس کی پرواہ کئے بغیر اپنا کام جاری رکھا ۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ زاہد اقبال کے پاس ڈیفکلیریا کاکوئی عہدہ نہیں لیکن ہم عہدے کے بغیر ہی ان کو ڈیفکلیریا کا اہم حصہ سمجھتے ہیں ۔ آخر میں زاہد اقبال نے نیرم کے اغراض ومقاصد اور اس کے کورسز کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی ۔ انہوں نے اس دوران کہاکہ عملی تربیت بھی نیرم کے کورسز کا حصہ ہے ، یہاں سے پڑھنے والے افراد اس قابل ہوں گے کہ بغیر کسی کی مدد کے ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کے طورپر کام کرسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ انڈسٹری میں جو لوگ موجود ہیں ان کیلئے بھی یہ کورسز انتہائی اہم ہیں ، وہ مزید چیزیں سیکھ کر اپنے کاروبار کو وسعت دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم منی بیک گارنٹی دیتے ہیں ، اگر آپ کورس کرنے کے بعد یہ سمجھتے ہیں کہ یہ آپ کے لئے کارآمد نہیں توہم آپ کو پوری کی پوری فیس واپس کردینگے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ریئل اسٹیٹ بزنس کی بہتری کیلئے کام کرنےو الے سینئر لوگوں کو نیرم کا اعزازی ممبر شپ بھی دینگے ۔ انہوں نے کہاکہ داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے اور جلد کلاسز بھی شروع کردی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں ہر ریئل اسٹیٹ ایجنسی کے مالک سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے ہاں سے کم ازکم ایک شخص کو ضرور ان کورسز میں بھیجیں ۔ آخر میں ڈیفکلیریا کے موجودہ اور سابق صدور کو گلدستے پیش کئے گئے جبکہ کیک کاٹا گیا اور فوٹو سیشن ہوا ۔ معزز مہمانوں کیلئے پرتکلف ہائی ٹی کا انتظام کیاگیا تھا ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔