Clifton Times - Your Weekly Real Estate Guide

صورتحال بدل گئی ، ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو ریلیف ملنے کا امکان


The situation has changed, with the possibility of real estate sector getting relief
  • NEWS & REVIEWS    |    10 December 2019

اسلام آباد دھرنے نے حکمرانوں کی آنکھیں کھول دی ہیں ، حکومت سخت پالیسی سے رجوع کی طرف مائل ہوچکی ہے ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے وابستہ تنظی میں نئے سرے سے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھیں ،بہتر نتاءج ملیں گے

کراچی(تجزیہ:نظیرعالم نظیر)اسلام آباد میں جمعیت العلماء اسلام کی جانب سے دیئے گئے 13روزہ دھرنے سے مولانا فضل الرحمن اوران کی جماعت کو کوئی فائدہ ملتا ہے یا نہیں لیکن اس دھرنے سے ملک وقوم کو یہ بڑا فائدہ ضرور ہوا ہے کہ حکومت کی بند آنکھیں کھل گئی ہیں اور وہ خیال وخواب کی دنیا سے نکل کر زمینی حقائق کے مطابق پالیسی میں نرمی لانے کیلئے تیار ہوگئی ہے ۔ احتجاج کے نتیجے میں تاجر برادری کے مطالبات سننا اور محدود مدت کے لئے ہی سہی لیکن وہ مطالبات ماننا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دھرنے کے نتیجے میں حکومت اپنی سخت پالیسی سے رجوع کی طرف مائل ہوگئی ہے ۔ حکومت کو ملک میں بڑھتی مہنگائی کا بھی احساس ہونے لگا ہے اور اس بات کا بھی ادراک ہونے لگا ہے کہ کاروباری برادری کو جب تک ریلیف نہیں دیا جائے گانہ توکاروبار چلے گا اور نہ ہی معیشت، اور اس کے نتیجے میں بے روزگاری اورشدید مہنگائی حکومت کی بقا کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت کی ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے حوالے سے جو پالیسیاں ہیں وہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی پر مبنی ہیں ۔ گو اس سے قبل بھی ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے وابستہ تنظیموں نے حکومت کو یہ حقیقت سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ ریئل اسٹیٹ کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت کی موجودہ پالیسیاں اس شعبے کیلئے تباہ کن ہیں اس لئے اس پر نظر ثانی کی جائے لیکن جیسا کہ اوپر عرض کیا گیا ہے کہ دھرنے سے قبل حکومت کی آنکھیں بند تھیں اور وہ کچھ سننے کو تیار تھی اورنہ ماننے کو ، لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے، اس لئے ریئل اسٹیٹ سیکٹر سے وابستہ تنظی میں نئے سرے سے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھیں ،اسے زمینی حقائق سے آگاہ کرے، غالب امکان ہے کہ شدید مہنگائی اوربے روزگاری سے پریشا ن حکومت اس بار یہ مطالبات نہ صرف سنجیدگی سے سنے گی بلکہ اسے مان کر اپنی پالیسیاں زمینی حقائق کے مطابق بنانے کی طرف بھی پیش رفت کرے گی ۔ بدلتی صورتحال کی وجہ سے ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو بھی ریلیف ملنے کا امکان بڑھ گیا ہے تاہم اس کو یقینی بنانے کیلئے اس شعبے کی نمائندہ تنظیموں کو متحرک ہونا گا ۔